Sep ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • روسی صدر نے چین کی دعوت قبول کر لی

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے گزشتہ روز کہا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی اکتوبر میں چین کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین اور روس ایک دوسرے کو اسٹریٹجک اتحادی قرار دیتے ہیں، دونوں ممالک اکثر اپنی لامحدود شراکت داری اور اقتصادی و عسکری تعاون پر زور دیتے ہیں۔

دونوں ممالک گزشتہ برس فروری میں یوکرین میں روس کے حملے کے آغاز کے بعد اور بھی نزدیک آگئے ہیں، اس حملے پر چین تنقید کرنے سے انکار کر چکا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کے بعد ولادیمیر پوتین نے ٹیلی ویژن پر نشر پیغام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چینی صدر کی جانب سے اکتوبر میں دورہ چین کی دعوت قبول کرنے پر خوشی ہے۔

رواں برس مارچ میں چینی صدر شی جن پنگ نے روس کا سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے اور ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کے خلاف متحدہ محاذ کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

چینی وزیر خارجہ، ماسکو اور بیجنگ کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے تازہ ترین سلسلے کے تحت روس کے 4 روزہ دورے پر ہیں۔

روس نے یوکرین حملے کے آغاز کے بعد سے چین کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے، اس حملے نے روس کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔

چین نے روس کو اہم سفارتی اور معاشی تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے یوکرین کے تنازع میں خود کو ایک غیر جانبدار فریق ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔

ٹیگس