Sep ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • نیویارک ڈوب گیا، شہر میں ایمرجنسی نافذ

گزشتہ 5 روز سے ہونے والی مسلسل بارشوں سے نیویارک کے مختلف حصے زیر آب آگئے۔ پانی کے ریلوں نے سڑکوں کو ندی نالوں میں تبدیل کردیا۔ زیرزمین ٹرین کے نظام کو پانی بھرنے کے باعث بند کردیا گیا۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث جمعہ کو نیویارک شہر کے کچھ علاقوں میں سیلاب آگیا، جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گورنر کیتھی ہوچول نے 85 لاکھ کی آبادی والے شہر کے لیے سرکاری ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکہ میں جمعہ کو رات بھر بارش ہوئی جس سے نیویارک شہر کے کچھ حصوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ سڑکوں پر پانی بھر جانے سے لوگوں کو ٹریفک میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر کے میئر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ باہر نہ نکلیں، کیونکہ سڑکوں پر سیلاب نے بہت سے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔

شہر میں گھومنا پھرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، اگر آپ گھر پر ہیں تو گھر پر رہیں اور اگر آپ کام یا اسکول پر ہیں تو فی الحال وہیں رہیں۔

نیویارک کے آس پاس کی تصویروں میں دکھایا گیا ہے کہ کاریں آدھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، کچھ بڑی سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں۔ دکاندار پانی سے بھری دکانوں میں سامان محفوظ کر رہے ہیں اور پانی اپنی دکانوں سے باہر نکال رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیویارک کا انفرا اسٹرکچر اتنا زیادہ پانی ہینڈل نہیں کر پا رہا جس کی وجہ سے افراتفری ہے اور معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

ٹیگس