Oct ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran

فرانس میں اگلے سال ہونے والے اولمپک گیمز 2024 سے قبل، خون چوسنے والے کیڑے کھٹمل نے دارالحکومت پیرس سمیت دیگر شہروں میں ہر جگہ ہلچل مچا دی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں سمیت مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کھٹمل، پیرس کے ایئرپورٹس، میٹرو اسٹیشن، ہوٹل کے کمروں، سنیما گھروں اور پبلک بسوں اور ٹرین میں دیکھے گئے ہیں۔
پیرس میٹرو ٹرین کے کچھ مسافروں نے کہا کہ وہ اب کھڑے ہوکر سفر کرتے ہیں کیونکہ انہیں ٹرین کی کرسیوں پر بیٹھنے سے ڈر لگتا ہے۔
پیرس سٹی ہال نے 2024 کے اولمپک کھیلوں سے قبل اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی ماہر جین مشیل بیرینجر کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے سیزن کے آخر میں کھٹملوں کی تعداد میں ہمیشہ نمایاں اضافہ ہوتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ جولائی اور اگست میں لوگ بہت زیادہ سفر کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے سامان میں کھٹمل بھی ساتھ لاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال اس موسم کے دوران کھٹملوں کی تعداد میں اضافہ پچھلے سال سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔
پیرس کے ڈپٹی میئر ایمانوئیل گریگوئیر نے فرانسیسی ٹی وی کو بتایا کہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے آپ انہیں کہیں بھی دیکھ سکتے ہیں اور جب تک کہ ان کی تعداد بڑھ نہ جائیں اور ہر جگہ پھیل نہ جائیں ان کیڑوں کی موجودگی کا پتا نہیں چل سکتا۔
واضح رہے کہ فرانس اولمپکس کے اگلے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا اس دوران دنیا بھر سے تقریباً 5 لاکھ لوگ پیرس پہنچیں گے۔
اس دوران لوگوں کی صحت کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کی وجہ سے فرانسیسی حکومت کے لیے کھٹمل پھیلنے کا مسئلہ اہم بنتا جارہا ہے اور اولمپک گیمز کی میزبانی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

 

ٹیگس