Oct ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • جرمن چانسلر کی دھمکی کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت میں جرمنی کےعوام سڑکوں پر نکل آئے

جرمنی میں فلسطین کی حمایت میں اجتماعات کئے جانے پر پابندی کے باوجود فلسطین کے طرفداروں نے شہر فرانکفورٹ میں وسیع پیمانے پر اجتماع کیا ۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

سحر نیوز/ دنیا: شہر فرانکفورٹ میں مظاہرے کے دوران فلسطین کے حامیوں اور جرمن پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور انسانی حقوق کی حمایت کا دم بھرنے والے اس یورپی ملک میں پولیس نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

جرمنی میں فلسطین کی حمایت میں یہ مظاہرے ایسی حالت میں کئے جا رہے ہیں کہ جرمن چانسلر اولاف شولٹز نے اپنے ملک کی پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے تاکید کی تھی کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جرمن چانسلر کا دھمکی آمیز یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ جرمنی میں گذشتہ ہفتے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اعلان کرنے والے مظاہرین نے جرمنی کی پولیس پر نسل پرستی کا الزام عائد کیا۔

دنیا کے مختلف مسلم اور غیر مسلم ملکوں میں فلسطینیوں کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف یہ مظاہرے ایسی حالت میں کئے جا رہے ہیں کہ امریکہ، برطانیہ اور غاصب صیہونی حکومت کے حامی یورپی ممالک، غزہ کے مظلوم عوام اور عورتوں اور بچوں کو صیہونی مظالم کے تحت تہ تیغ کئے جانے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔

ٹیگس