سوئٹزرلینڈ اور سوئيڈن سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں اسرائیل مخالف مظاہرے
فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت میں مختلف ممالک میں ہونے والے عوامی مظاہروں کے تسلسل میں سوئٹزرلینڈ اور سوئیڈن کے ہزاروں افراد نے بھی جنیوا اور اسٹاک ہوم میں اجتماع کر کے صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی۔
سحرنیوز/ دنیا: حالیہ دنوں میں کئی یورپی ممالک کے عوام نے بڑے پیمانے پر غزہ کے عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا ہے- سوئٹزر لینڈ کے ہزاروں شہریوں نے جنیوا کی سڑکوں پر اتر کر ’’ہم سب غزہ کےفرزند ہیں‘‘ کے نعرے لگاکر غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت کی۔
دوسری جانب اسٹاک ہوم میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ہزاروں افراد نے زبردست مظاہرہ کیا - وہ غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت میں، سویڈن کے دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے۔ اس مارچ کے شرکاء ، کہ جن کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچموں کا ایک سمندر تھا، فلسطین کی آزادی کے نعرے لگاتے ہوئے اسٹاک ہوم کے نورا بنٹورگیٹ اسکوائر میں جمع ہونے کے بعد سویڈش پارلیمنٹ کی طرف بڑھے اور انہوں نے صیہونی حکومت کے حملے روکے جانے ، فوری جنگ بندی اور غزہ میں کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد پہنچانے جانے کا مطالبہ کیا-
واضح رہے کہ غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے حملے سات اکتوبر سے شروع ہوئے ہیں اور اب تک آٹھ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ بیس ہزار کے قریب زخمی اور اٹھارہ سو لاپتہ ہیں۔