غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبے پر کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ برخواست
برطانیہ میں فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر ایک وزیر کو کابینہ سے برخواست کر دیا گيا۔
سحرنیوز/ دنیا: برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر برطانیہ میں کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ پال بریسٹو کو کابینہ سے نکال دیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق پال بریسٹو نے وزیراعظم رشی سونک کو خط میں غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے اپنے خط میں کہا تھاکہ پانی، بجلی، ایندھن او دواؤں تک دسترسی بنیادی انسانی ضروریات میں سے ہیں اور ان ضروریات تک فلسطینیوں کی دسترسی کے لئے غزہ میں مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔
برطانیہ، غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم سے چشم پوشی کرتے ہوئے جنگ بندی کے خلاف ہے اور غزہ میں جنگ بندی کو وہ فلسطینی گروہوں کے مفاد میں سمجھتا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ برطانیہ کے عوام لندن میں فلسطینیوں کی حمایت میں مسلسل مظاہرے کر رہے ہیں اور وہ اپنے ملک کی حکومت پر صیہونی جرائم کی مذمت کرنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں۔