فلسطین مخالف پالیسی کی وجہ سے امریکی صدرجو بائیڈن کی مقبولیت کا گراف نیچےآ گیا
واشنگٹن کی فلسطین مخالف پالیسیاں امریکی مسلمانوں کی برہمی اور صدر امریکہ کی حمایت میں کمی کا باعث بن رہی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کی نیشنل مسلم ڈیموکریٹک کونسل نے جس میں مشیگن، اوہایو اور پینسلوینیا سمیت انتخابات میں اثر انداز ہونے والی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رہنما بھی شامل ہیں، "2023 سیز فائر الٹی میٹم" کے عنوان سے ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں صدر جوبائیڈن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی غرض سے صیہونی حکومت پردباؤ دالنے کے لئے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔
اس خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مسلم ووٹروں کو فلسطینی عوام پر حملوں کی حمایت کرنے والے امیدواروں کو ووٹ دینے یا ان کی تائید کرنے سے روکنے کے لئے مہم چلائیں گے۔
مذکور کونسل نے جو بائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی حکومت نے غیر مشروط حمایت، مالی امداد اور ہتھیاروں کی شرم ناک فراہمی کے ذریعہ ایسے تشدد کے جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جو شہریوں کے جانی نقصان کا سبب بن رہا ہے۔ آپ کے اس اقدام کی وجہ سے آپ پر ماضی میں اعتماد کرنے والے ووٹروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔