غاصب صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ کے بیان پر جوزف بورل کا ردعمل
غزہ میں جنگی بندی کی اپیل پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش کوامن کے لئے خطرہ قرار دینے کے اسرائیلی وزیر خارجہ کے بیان پر یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے یورپی پارلیمان میں تقریر کے دوران کہا ہے کہ انتونیو گوتر ش کی اپیل کی موافقت یا مخالفت کی جاسکتی ہے لیکن انہیں امن کے لئے خطرہ نہیں کہا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ انتونیو گوترش ایک ایسے عالمی ادارے کے سربراہ ہیں جو دنیا میں امن و استحکام کے لئے کوشاں ہے، انہیں خطرہ قرار داد دینا، ان کی اپیل کی مخالفت سے مختلف ہے۔یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ یہ دعوی دنیا میں امن و استحکام کے لئے کام کرنے والے ادارے کی صلاحیت کا انکار ہے ۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے گزشتہ جمعے کو ادارے کے منشور کی دفعہ ننانوے کو فعال کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کے لئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تھا۔ سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں غزہ کی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اورجنگ بندی کی پر زور اپیل کی۔ ووٹنگ میں سلامتی کونسل کے پندرہ میں سے تیرہ اراکین نے جنگ بندی کے حق میں ووٹ دیا لیکن امریکا نے قرار داد ویٹو کردی۔
صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل کے اس اقدام پر انہیں عالمی امن کے لئے خطرہ بتایا ہے-یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے یورپی پارلیمان میں اپنی تقریر میں کہا کہ یورپی یونین اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے لیکن تمام دیگر حقوق کی طرح اس حق کی بھی حدود ہیں۔