جرمنی: ریل ڈرائیوروں کی 6 روزہ ہڑتال کا اعلان
جرمنی میں ریل ڈرائیوروں کی یونین نے بدھ سے پیر تک 6 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق جرمنی میں ٹرین ڈرائیوروں کی اکثریت پر مشتمل جی ڈی ایل ٹریڈ یونین نے کہا ہے کہ یہ 6 روزہ ہڑتال ملکی پیمانے پر مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح سے پیر کی شام تک جاری رہے گی۔
جی ڈی ایل کی طرف سے کیا گیا یہ اعلان ان کی پہلے سے جاری ہڑتالوں کے سلسلے کا حصہ ہے تاہم اس مرتبہ ہڑتال کا دورانیہ پہلے کی ہڑتالوں کے مقابلے میں طویل ہے۔
جرمن ریل آپریٹر ڈوئچے بان (ڈی بی) نے جمعہ کے روز تنخواہوں میں اضافے کی ایک نئی پیش کش کے ساتھ یونین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی تھی، جسے جی ڈی ایل نے مسترد کر دیا۔
نئی ہڑتال ڈی بی اور جی ڈی ایل کے مابین تنخواہوں پر موجودہ تنازعے کے دوران چوتھی ہڑتال ہوگی۔ جی ڈی ایل نے سنہ 2023 کے آخر میں دو بڑی انتباہی ہڑتالوں کا انعقاد کیاتھا اور پھر جنوری کے شروع میں تین دن تک جاری رہنے والی ایک اور ہڑتال کی تھی جس کے سبب ریلوے خدمات کی فراہمی میں زبردست رکاوٹیں پیدا ہوگئی تھیں۔
ڈوئچے بان کے ملازمین کے شعبے کے سربراہ مارٹن سیلر نے جمعہ کو جی ڈی ایل پر تنقید کرتے ہوئے دلیل دی کہ یہ یونین ہڑتالوں کو آخری حربے کے طور پر نہیں بلکہ خود کو فروغ دینے کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
ریل ڈرائیورز یونین کے مطالبات میں تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کے اوقات کار میں کمی لانا شامل ہے۔ ریل ڈرائیوروں کی یونین معاوضے میں کسی تبدیلی کے بغیر شفٹ کارکنان کے اوقات کار کو 38 سے 35 گھنٹے تک کم کرنے کا مطالبہ بھی کر رہی ہے۔