Feb ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے آنروا کا بجٹ کم کرنے کے بارے میں جوزف بورل کا انتباہ

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی آنروا کے بجٹ میں کمی کئے جانے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اس اقدام کو خطرناک اور علاقے کےاستحکام کے لئے خطرہ قرار دیا ہے-

سحرنیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق جوزف بورل نے یورپی یونین کی سرکاری ویب سائٹ پر لکھا کہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی میں آنروا کے بنیادی کردار سے غافل نہیں ہونا چاہئے-یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے گیارہ لاکھ پناہ گزيں فلسطینیوں کے درمیان کھانے پینے اور ادویات جیسی بنیادی اشیاء کی تقسیم کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آنروا پناہ گزينوں تک غذائی اشیاء اور دوا پہنچانے میں بنیادی کردار کی حامل ایجنسی ہے اور یہ کام اقوام متحدہ کی کوئی اور تنظیم آنروا کی مدد کے بغیر غزہ میں انجام نہیں دے سکتی-

جوزف بورل نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ کچھ ممالک کی جانب سے ایجنسی کو دی جانے والی امداد کی معطلی کی وجہ سے، ایجنسی غیر یقینی صورتحال میں ہے، کہا کہ آنروا کی نصف آمدنی ختم کئے جانے سے اس ایجنسی کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا اور یہ مسئلہ غزہ میں سنگین انسانی بحران میں مزید اضافہ کردے گا۔واضح رہے کہ اس بین الاقوامی تنظیم پر صیہونی حکومت کے بے بنیاد الزامات کے بعد، اب تک متعدد یورپی ممالک نے آنراوا کو دی جانے والی مالی امداد روک دی ہے۔

ٹیگس