Feb ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • نائجیریا: لاسا بخار سے 10 افراد کی موت

نائجیریا کی جنوب مشرقی ریاست ایبونی میں خطرناک لاسا بخار سے 10 افراد کی موت ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: ابوجا سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق جنوری سے اب تک نائجیریا کی جنوب مشرقی ریاست ایبونی (Ebonyi) میں لاسا بخار کی وجہ سے ایک حاملہ خاتون سمیت کم از کم 10 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ نائجیریا کے مقامی صحت کے شعبے سے متعلق افسران نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایبونی ریاستی وزارت صحت سے وابستہ ذمہ داران کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں ایک حاملہ خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 جنوری سے 16 فروری تک کم از کم 25 افراد لاسا بخار سے متاثر ہوئے، جن میں دو ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ لاسا بخار ایک ایسی بیماری ہے جو چوہوں کے پیشاب یا فضلے سے آلودہ کھانے یا گھریلو اشیا کے ذریعے انسانوں میں پھیلتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بیماری اس وقت پھیلتی ہے جب چوہوں کا تھوک، پیشاب یا فضلہ انسانوں کے رابطے میں آتا ہے۔ نائجیریا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق سنہ 2023 میں لاسا بخار کے 1,227 تصدیق شدہ کیسوں میں سے کم از کم 219 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

لاسا بخار کا نام نائجیریا کے اس قصبے کے نام پر رکھا گیا ہے جہاں پہلے کیسز سامنے آئے تھے۔ لاسا بخار کے تقریباً ایک لاکھ سے تین لاکھ انفیکشن سالانہ ہوتے ہیں، جن میں تقریباً 5000 اموات ہوتی ہیں۔

 

ٹیگس