غزہ پرحملے کی مخالفت میں خود سوزی کرنے والا امریکی فوجی دم توڑ گیا
امریکی وزارت جنگ نے اعلان کیا ہے کہ جنگ غزہ کے خلاف احتجاج کے طور پر واشنگٹن میں اسرائيل کے سفارت خانے کے سامنے خود سوزي کرنے والا امریکی فوجی اہلکار اسپتال میں دم توڑ گيا۔
سحرنیوز/ دنیا: الجزیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت جنگ نے اعلان کیا ہے کہ اس امریکی فوجی اہلکار نے غزہ پر وحشیانہ صیہونی حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واشنگٹن میں اسرائیل کے سفارت خانے کے سامنے خود سوزی کرلی تھی۔ امریکی فضائیہ کے ترجمان نے بھی اس امریکی فوجی کی ہلاکت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔ ہلاک ہونے والا امریکی فوجی امریکی فضائيہ کا ایک پائلٹ بتایا جاتا ہے۔
اس امریکی فوجی نے امریکہ کی فوجی وردی میں خود کشی کی۔ اس امریکی فوجی نے انٹر نیٹ پر وائرل کردہ اپنی ایک ویڈیو کلپ میں اعلان کیا کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کی جاری نسل کشی میں شریک نہیں ہونا چاہتا۔ دسمبر میں بھی ایک امریکی خاتون نے غزہ میں جاری صیہونی جرائم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اٹلانٹا میں صیہونی حکومت کے قونصل خانے کے سامنے خودسوزی کر لی تھی۔