عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر جنوبی افریقہ کی تشویش
جنوبی افریقہ کی حکومت نے عالمی عدالت انصاف سے رابطہ کرکے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ اسرائيل، عدالتی فیصلے کو قبول کرنے پر تیار نہيں ہے جو غزہ میں نسل کشی پر روک لگانے کے لئے صادر کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: جنوبی افریقہ کی وزير خارجہ نیلڈی پانڈور نے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ پریٹوریا نے عالمی عدالت انصاف سے رابطہ کرکے غزہ پٹی میں نسل کشی کے بارے میں اسرائیلی حکام کے خلاف عدالتی فیصلے پر عمل در آمد نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اسرائيلی حکومت، فلسطینی عوام کے خاتمے کے لئے ان کی نسل کشی کر رہی ہے، کہا کہ غزہ پٹی میں اسرائيل کے اقدامات ہمارے اس نظریے کی تصدیق کرتے ہيں کہ تل ابیب کے حکام درحقیقت فلسطینی عوام کو پوری طرح سے ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہيں۔
جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک اس بات کے ثبوت پیش کرے گا کہ غزہ پٹی میں نسل کشی ہو رہی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ کئي دیگر ملکوں نے بھی اس مقدمے میں ہمارا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔