Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • تل ابیب اور حیفا سمیت مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے

مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے حکومت مخالف مظاہرے کئے ہیں-

سحرنیوز/ دنیا: خبری ذرائع کے مطابق ہزاروں افراد نے تل ابیب اور حیفا سمیت مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہرے کئے ہیں- ہزاروں افراد نے تل ابیب کی کابلان سڑک پر نکل کر صیہونی کابینہ کے خلاف مظاہرے کئے اور نیتن یاہو کابینہ کو تحلیل کئے جانے اور قبل از وقت انتخابات کرائے جانے کا مطالبہ کیا- مظاہرین نے اسی طرح قیدیوں کے تبادلے کے لئے حماس کے ساتھ سمجھوتے پر فوری دستخط کرنے کا بھی مطالبہ کیا-

عبری زبان کے اخبار یدیعوت احارونوت نے لکھا ہےکہ صیہونی حکومت کی پولیس نے تل ابیب میں مظاہرین پر حملہ کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا- اسی موقع پر صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے سامنے بھی لوگوں نے اجتماع کرکے غزہ میں حماس کے ہاتھوں قیدی بنائے جانے والے صیہونی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا-

دوسری جانب ہزاروں صیہونیوں نے شہر حیفا میں بھی مظاہرے کرکے غاصب حکومت کے وزیر اعظم کے خلاف نعرے لگائے اور قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا- خیال رہے کہ صیہونی حکومت نے مغربی ملکوں کی حمایت سے طوفان الاقصی میں حاصل ہونے والی شکست و ناکامی کی تلافی کے لئے غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کیا اور اس حکومت نے غزہ میں تمام گزرگاہوں کو بند کر دیا نیز سات اکتوبر سے اب تک اس علاقے پر بمباری کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک کے جارحانہ حملوں میں تیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ستر ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔

 

ٹیگس