Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • دنیا کے مختلف ملکوں میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے

غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کی مذمت میں دنیا کے مختلف ملکوں کے عوام نے ایک بار پھر وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے ہیں-

سحرنیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹوں کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کے مظاہرین نے ایک بار پھر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ مختلف ملکوں میں ہونے والے ان عوامی مظاہروں کے شرکا نے فلسطینی پرچم بھی لہرائے اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔

مظاہرین نے مسلمانان عالم اور دنیا کے تمام حریت پسندوں سے فلسطینیوں کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرے دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ یمن، اردن، لبنان اور بحرین سمیت مختلف یورپی ملکوں کے مختلف شہروں میں کئے گئے۔ مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت کے لئے یورپ  اور امریکہ کی جانب سے جاری حمایت بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ تقریبا پانچ مہینوں سے غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ چنانچہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم پر عالمی سطح پر ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور عالمی سطح پر عوام کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس