Mar ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • ایمنسٹی انٹرنیشنل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر ایگنیس کالمارڈ نے غزہ کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے وحشیانہ بمباری کو فوری طور پر روکنے اور دیرپا جنگ بندی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق کالمارڈ نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر لکھا ہےکہ اسرائیل غزہ کے خلاف فورا وحشیانہ بمباری بند کرے اور انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کو آسان بنائے - اسرائیل ، حماس اور دیگر گروہوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ یہ جنگ بندی پائیدار ہوگی- اور عام شہری جو حماس کی قید میں ہیں ان کے ساتھ ساتھ ان تمام فلسطینیوں کو بھی رہا کیا جائے جنہیں ہٹ دھرمی سے صیہونی فوج نے گرفتار کیا ہے-

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ہفتوں میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ووٹنگ ایک مضحکہ خیز سیاسی کھیل میں تبدیل ہو گئی جس کے عام شہریوں کے لیے المناک نتائج برآمد ہوئے- اس طرح سے کہ سلامتی کونسل کے مستقل اراکین منجملہ امریکہ اور روس نے ایک دوسرے کی قرارداد کو منظور ہونے سے روکنے کے لیے اپنے ویٹو کے حق کا غلط استعمال کیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو اب سیاسی کھیل کو ایک طرف رکھتے ہوئے انسانی جانوں کی حفاظت کو ترجیح دینا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ یہ قرارداد دیرپا جنگ بندی کی راہ ہموار کرے گی -

 

ٹیگس