مشرق وسطی سے اپنے شہریوں کو نکالنے کےلئے برطانیہ کی آمادگی
برطانوی وزیردفاع نے کہا ہے کہ لندن مقبوضہ فلسطین کے ساحلوں پر امریکی کارروائیوں کے منصوبے میں شرکت کا پروگرام نہيں رکھتا تاہم مشرق وسطی سے اپنے شہریوں کو باہرنکالنے کے لئے فوج کو الرٹ کر دیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: برطانوی وزیر دفاع نے ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحریہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ مقبوضہ فلسطین پر ایران کے میزائلی حملے کی صورت میں برطانوی شہریوں کو مشرق وسطی سے باہر نکالا جاسکے۔
برطانوی وزیردفاع گرنٹ شپس نے اس سلسلے میں اختیار کی جانے والی تدابیر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اس کی تفصیلات پیش نہيں کی جا سکتیں۔
اس رپورٹ کے مطابق شہاب سنگ کوڈ کے زیرعنوان برطانوی شہریوں کے انخلاء کے پروگرام کو گرین ہیلمٹ فورس انجام دے گی اور بحریہ اور فضائیہ اس کی مدد کریں گی . ڈیلی میل نے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ اس مقصد کے لئے برطانوی میرین کے تیس کمانڈوز، علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق شہاب سنگ آپریشن ڈینامو آپریشن سے مشابہ ہوگا کہ جس میں دوسری عالمی جنگ میں جرمن فوج کے محاصرے میں آنے والے لاکھوں اتحادی فوجیوں کو فرانس کی ڈانکرک بندرگاہ سے نکالا گیا تھا۔ اس سے قبل برطانوی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے اس ملک کے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ مقبوضہ فلسطین سے باہر نکل جائيں۔