Dec ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: روسی صدر پوتین 6 ہندوستانی تحفوں کے ساتھ دورہ مکمل کرکے واپس چلے گئے، کشمیری

روسی صدر ولادیمیر پوتین کا ہندوستانی دورہ جمعہ کی رات مکمل ہوگیا اور ان کو 6 اہم ہندوستانی تحفوں کے ساتھ رخصت کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کشمیری "لال سونا" بھی پوتین کو دیئے گئے تحائف شامل ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتین کا 2 روزہ دورہ اختتام پذیر ہوگیا اور جمعہ کی رات ان کو رخصت کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر پوتین کو رخصت کرنے دہلی کے پالم ہوائی اڈے تک گئے۔ جمعرات کی شام کو ولادیمیر پوتین دہلی پہنچے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈے جا کر ان کا استقبال کیا تھا۔ جمعہ کی صبح ایوان صدر میں باضابطہ طور پر روسی صدر کا استقبال کیا گیا تھا۔

روسی صدر کے اس دورے میں ہندوستان اور روس کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے اور کئی اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں لیکن اس دورے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ولادیمیر پوتین اس بار اپنے ساتھ 6 اہم ہندوستانی تحائف بھی لے گئے ہیں، جو ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے انھیں پیش کیے۔

روسی صدر کو دیئے گئے تحائف

 

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جو 6 تحائف نریندر مودی نے روسی صدر کو دیے ہیں ان میں کشمیر کا مشہور "لال سونا" بھی شامل ہے یعنی کشمیری زعفران۔ کشمیری زعفران کو لال سونا بھی کہا جاتا ہے۔ یہ تحفہ ہندوستان کی قدرتی سوغات کے ساتھ ساتھ کشمیر کی مالامال ثقافتی وراثت کی علامت بھی ہے۔

اس کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پوتین کو آسام کی کالی چائے یعنی بلیک ٹی بھی دی گئی ہے جو اپنے کڑک ذائقے اور مخصوص خوشبو کے لیے مشہور ہے۔

ولادیمیر پوتین کو دیئے گئے اہم 6 تحائف میں مرشدآباد  کی روایتی کاریگری کا بہترین نمونہ "چاندی کا چائے کا سیٹ" یا سِلور ٹی سیٹ بھی دیا گیا ہے۔

روسی صدر کو پیش کئے گئے تحفوں میں ایک تحفہ انتہائی خوبصورت نقاشی کے ساتھ تیار کیا گیا مہاراشٹر کی فنکاری کا مظہر ایک چاندی کا گھوڑا بھی دیا گیا ہے۔

تاریخی شہر آگرے کی فن دست کاری کا نمونہ ماربل سے بنا شطرنج ’ماربل چیس‘ بھی ولادیمیر پوتین کو دیئے گئے تحائف میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر کو ہندوؤں کی مقدس کتاب "بھگوت گیتا" بھی تحفے میں دی ہے۔ یہ گیتا کا روسی ایڈیشن ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

 

ٹیگس