پاکستان: سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 دہشت گرد ہلاک، وزیر اعظم شہباز شریف کا فورسز کو خراج تحسین
اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیکورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام پانے والی کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی جس میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگیٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
ادھر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کامیاب کارروائیاں انجام دینے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok