Apr ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا : جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ ایران میں ایٹمی ہتھیار بنانے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ہے اور حالیہ کشیدگی، ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے اس تنظیم کی نگرانی کی سرگرمیوں میں اثرانداز نہيں ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے جو نیویارک کے دورے پر ہیں، نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ایران میں ہمارے معائنہ کاروں کو گذشتہ روز اس ملک کی حکومت کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ تمام ایٹمی مراکز کہ جن کا ہم ہر روز معائنہ کرتے ہیں ، سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند ہیں۔

رافائل گروسی نے کہا کہ یہ مراکز آج معائنہ جاری رکھنے کے لیے کھولے گئے تھے، لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے انسپکٹرز اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک کہ حالات پرسکون نہیں ہوتے، اس لئے ہم کل سے اپنا کام دوبارہ شروع کریں گے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ حالیہ کشیدگی سے ایجنسی کی سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے کہا کہ ہم ایران میں ہیں اور اپنا کام جاری رکھیں گے-

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران کے ایٹمی پروگرام میں نئی پیشرفت کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ، بعض سیاسی دعووں کو دہرایا اور کہا کہ ایران کے پاس افزودہ یورینیم کے بہت زیادہ ذخائر ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک ایجنسی سے متعلق بات ہے تو ہمارے پاس ایسی کوئی اطلاع یا علامت نہیں ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا پروگرام رکھتا ہے۔ گروسی نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں تہران جائیں گے اور صورتحال کو پٹری پر لائيں گے۔

ٹیگس