May ۰۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکی طلبا کے خلاف پولیس کی پرتشدد کارروائیوں پر اقوام متحدہ کی تشویش

اقوام متحدہ میں ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے فلسطین کے حامی امریکی طلبہ کے خلاف پولیس کی پرتشدد کارروائیوں پر سخت تشویش ظاہر کی ہے-

سحرنیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے ایک بیان جاری کر کے فلسطین کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کے خلاف پولیس کے پرتشدد رویے پر تشویش ظاہر کی ہے-

انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی گرفتاری اور انھیں تعلیم سے محروم کردینے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امریکی یونیورسٹیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نامناسب اقدامات پر تشویش ہے-

امریکی میڈيا رپورٹوں کے مطابق امریکی پولیس نے فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو بےدردی سے زمین پر گھسیٹا ، تشدد کا نشانہ بنایا اور انھیں منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کے گولے داغے۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطین کی حمایت میں امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے شروع ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ اس ملک کی تمام بڑی یونیورسٹیوں کے ساتھ ہی فرانس ، جرمنی ، کینڈا ، برطانیہ اور اسٹریلیا سمیت تمام مغربی ممالک کی یونیورسٹیوں تک پھیل گیا ہے-

خیال رہے کہ نسل کش صیہونی حکومت ، امریکہ کی بےدریغ حمایت سے انسانی حقوق اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی نگاہوں کے سامنے تقریبا سات مہینے سے غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری اور بےگناہ نہتھے عوام کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے-

 

ٹیگس