رفح پر جارح صیہونی حکومت کےحملے کے بارے میں ڈبیلو ایچ او کے سربراہ کا انتباہ
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم گیبریسس نے خبردار کیا ہے کہ رفح میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے نتیجے میں انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے-
سحرنیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ٹیڈروس نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر لکھا ہے کہ اگر اسرائیل، رفح پر بھرپور حملہ کرتا ہے تو اس سے انسانی المیہ رونما ہوجائے گا- انہوں نے دونوں فریق سے جنگ بندی اور پائیدار امن قائم کرنے کی اپیل کی- اس سے قبل بھی ڈبلیو ایچ او نے غزہ میں طفل کش صیہونی حکومت کی کارروائیوں پر کڑی تنقید کی تھی اور اسے انسانیت کے ماتھے پر کلنگ کا ٹیکہ قرار دیا تھا-
ٹیڈروس نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں بچوں کا قتل انسانیت کی پیشانی پر کلنگ کا ٹیکہ ہے اور اس جارحیت کو اب ختم ہونا چاہئےانہوں نے مزید کہا کہ غذا ، ادویات ، ایندھن اور طبی ساز و سامان اور ابتدائی ضرورت کی اشیاء سے فلسطینیوں کو محروم رکھا جانا ایک غیر انسانی اور ناقابل تحمل اقدام ہے-بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو کا جنگ جاری رکھنے کا مقصد ، اپنی سیاسی زندگی کی بقا اور عدالتی کارروائیوں سے فرار کرنا ہے-