فرانسیسی پولیس کا دارالحکومت پیرس میں دہشت گرد گروہ منافقین کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ
فرانسیسی پولیس نے دارالحکومت پیرس میں دہشت گرد گروہ منافقین کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ دنیا: فرانسیسی ٹی وی چینل ٹی ایف ون نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اس ملک کی پولیس فورس نے بدھ کے روز سینٹ اوئن لوآمون علاقے میں دہشت گرد گروہ منافقین کے ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ مارا اور اس دہشت گرد گروہ سے متعلق مقامات کی تلاشی لی۔ اس رپورٹ کے مطابق سینٹ اوئن لوآمون میں واقع منافقین کے دہشت گرد گروہ کی عمارتوں میں سے خاص طور پر ایک ایسی عمارت کی تلاشی لی گئی جس میں ایک ٹیلی ویژن چینل موجود ہے جسے فرانس میں اس دہشت گرد گروہ کی پروپیگنڈہ مشین سمجھا جاتا ہے۔ اس فرانسیسی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے دہشت گرد گروہ منافقین کے ٹھکانوں کی تلاشی کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
دریں اثنا، پیرس میں ارنا کے رپورٹر کے ساتھ بات چیت میں، ایک باخبر ذریعے نے منافقین کے دہشت گرد گروہ کی ستر سالہ سرغنہ مریم رجوی کی خراب جسمانی حالت کے بارے میں بتایا۔ واضح رہے کہ رجوی کو پیرس سے اپنے ہیڈ کوارٹر " اورسروواز " میں واپس آتے ہوئے شدید اعصابی حملہ ہوا تھا اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس سے قبل البانیہ کی پولیس نے بھی اس ملک کے دارالحکومت تیرانا میں منافقین کے دہشت گرد گروہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تھا۔ منافقین کا دہشت گرد گروہ سترہ ہزار سے زائد ایرانیوں کے قتل کا ذمہ دار ہے جن میں پارلیمنٹ کے ارکان، اعلیٰ حکومتی اور فوجی حکام، معصوم عام شہری اور غیر ملکی شہری شامل ہیں۔