فلسطینی انتظامیہ ، روس ، ترکیہ اور قطر کی جانب سے اسرائیل کے بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت
حماس کے پولیت بیورو کے سربراہ جناب اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مختلف ممالک کی جانب سے مذمتی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔
سحرنیوز/ دنیا: حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مختلف ممالک کی جانب سے مذمتی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کی اور اسے ایک بزدلانہ حملہ اور خطرناک عمل قرار دیا جب کہ محمود عباس نے فلسطینی عوام سے متحد ہونے کی بھی اپیل کی۔
قطر کی جانب سے بھی اسماعیل ہنیہ کی تہران میں شہادت کی شدید مذمت کی گئی اور قطر نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اور غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی حملے کشیدگی میں اضافہ کریں گے۔
ترکیہ کے وزارت خارجہ نے کہا کہ ایک بار پھر واضح ہوگیا کہ نیتن یاہو کی اسرائیلی حکومت کو امن میں کوئی دلچسپی نہیں، اگر عالمی قوتوں کی جانب سے اسرائیل کو نہ روکا گیا تو اس سے خطے میں مزید بڑے تنازعات کا سامنا ہوگا۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کے ایک نمائندے نے کہا کہ یہ ایک ناقابل قبول سیاسی قتل ہے اور یہ خطے میں موجودہ تناؤ میں مزید اضافہ کرے گا۔