برٹش چینل میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ
فرانسیسی ساحل کے قریب برٹش چینل میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم بارہ تارکین وطن جاں بحق ہو گئے۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ برطانوی چینل کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران فرانس کے ساحل کے قریب پیش آیا جس میں بارہ تارکین وطن کی موت ہو گئی۔ فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے میں اموات کے علاوہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ابھی دو تارکین وطن لاپتہ بھی ہیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کی یہ کشتی کل تیئیس فٹ لمبی تھی مگر اس میں ستر افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ مغربی اور وسطی ایشیا میں مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کے باعث سخت تنازعات نے جنم لیا جس کے باعث گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ان خطوں کے باشندوں میں ترک وطن کرکے مغربی اور یورپی ممالک میں جاکر بسنے کے رجحان میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔
افریقہ بھی اس صورتحال سے مستثنیٰ نہیں ہے جہاں مختلف ملکوں میں پائی جانے والی غربت یا پھر خانہ جنگی بڑی تعداد میں دوسرے ملکوں کی جانب مہاجرت کا سبب بنی ہے۔ اب تک، حالات کے ستائے ہوئے مختلف ممالک کے ہزاروں باشندے مغربی ممالک میں ایک خوشحال زندگی بسر کرنے کے خواب کو پورا کرنے کی خاطر اپنی جان گنوا چکے ہیں۔