ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی ناکام ہوگی: نیشنل انٹرسٹ
امریکی جریدے نیشنل انٹرسٹ کے مقالہ نگار کا کہنا ہے کہ ایران پر دباؤ ڈالنے سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کی سابقہ پالیسی شکست سے دوچار ہوگی
سحرنیوز/دنیا: امریکن بین الاقوامی تعلقات کے جریدے نیشنل انٹرسٹ کے مقالے میں آیا ہےکہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو علاقے کی جدید صورتحال کے پیش نظر ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے پر مبنی اپنی سابقہ پالیسی میں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ مقالہ نگار نے لکھا ہے کہ نو منتخب صدر کو علاقے کی نئی صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی کیونکہ ان کے سابقہ دور کی پالیسیاں قابل عمل نہیں ہیں۔ مقالہ نگار نے مزید لکھا ہےکہ سعودی عرب سمیت علاقائی ممالک نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنےکی پالیسی اختیار کرلی ہے اور وہ ایران کے خلاف امریکہ کے سخت رویئے کے مخالف ہیں۔
مقالہ نگار کے مطابق اس وقت امریکہ چین کے علاوہ یوکرین اور مغربی ایشیا میں دو جنگوں میں الجھا ہوا ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب بقول اس کے چین، روس ، ایران اور شمالی کوریا کے اتحاد کرینک (CRINK) نے بھی امریکہ اور یورپ کے مفادات کے لئے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔