جنوبی کوریا: سابق صدر کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست
Dec ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۲:۲۹ Asia/Tehran
جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کر دی گئی ہے ۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں مارشل لا لگائے جانے کی تحقیقات کرنے والے جوائنٹ انویسٹی گیشن یونٹ نے سابق صدر یون سک یول کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کر دی ہے۔ جنوبی کوریا میں 3 دسمبر کا مارشل لاء بغاوت کے مترادف تھا یا نہیں اس کی تحقیقات چل رہی ہیں جبکہ یون سک یول پولیس اور کرپشن انویسٹی گیشن یونٹ کے سوالوں کے جواب دینے میں ناکام رہے تھے۔
جنوبی کوریا میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور جنوبی کوریا کے آئین کے مطابق صدر کو بھی بغاوت کے کیس میں استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔
سابق صدر یون سک یول کے وکیل کا کہنا ہے کہ کرپشن انویسٹی گیشن یونٹ کو بغاوت کے کیس کی تحقیقات کا اختیار حاصل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملک میں مارشل لا لگانے پر صدر یون سک یول کے مواخذے کی تحریک پیش کی گئی تھی جو پہلے ناکام رہی ۔ اس کے بعد مواخذے کی دوسری تحریک جمع کرائی گئی جو کامیاب رہی۔