ٹرمپ نے جلتی پر تیل کا کام کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غاصب صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعوی کیا کہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر کے اسےاپنی ملکیت بنائیں گے ۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینی غزہ کو چھوڑ دیں، تعمیر نو کا کوئی کام نہیں ہوگا، ہم علاقے کے لوگوں کو ملازمتیں دیں گے، شہریوں کو بسائیں گے اور مجھے امید ہے کہ جنگ بندی سے خونریزی ختم ہو جائے گی اور بہت سے ممالک جلد ہی ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے۔
ٹرمپ نے دعوی کیا کہ نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں ہم نے حماس کے خاتمے کو یقینی بنانے کے طریقے پر تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے میں اسرائیل، غزہ اور سعودیہ کا دورہ کروں گا۔
دوسری جانب غاصب صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ منصوبہ ہے کہ امریکا فلسطینی علاقے غزہ پٹی کا کنٹرول سنبھالے گا۔
غزہ پر قبضے کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان پر اگر اب بھی عالمی اداروں، او آئی سی، عرب لیگ اور علاقائی اور مسلمان ممالک نے سخت رد عمل کا اظہار نہ کیا تو پھر تاریخ انھیں کبھی بھی معاف نہیں کرے گی اس لئے کہ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور تا ابد فلسطینیوں کا ہی رہے گا اور اپنی سرزمین کیلئے فلسطینیوں بہت قربانیاں دیں۔