میانمار: مختلف مقامات پر فوج کے حملے، 30 افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i459472-میانمار_مختلف_مقامات_پر_فوج_کے_حملے_30_افراد_ہلاک
میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران فضائی بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔
(last modified 2026-11-29T11:36:06+00:00 )
Nov ۲۹, ۲۰۲۶ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • میانمار: مختلف مقامات پر فوج کے حملے، 30 افراد ہلاک

میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران فضائی بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق میانمار کی فوج نے شمال مشرقی علاقے موئے بائے میں شادی کی تقریب کے مقام کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جہاں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ مغربی ریاست راخین میں دو الگ الگ فضائی حملوں کے دوران بھی متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی میانمار میں جمعرات کے روز ہونے والے فضائی حملے میں بھی 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی 2017 کی کارروائی کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے ارادے پر مبنی قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار میں فوج اور مخالف مسلح قوتوں کے درمیان خونریز لڑائی جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی کے مطابق میانمار کی خانہ جنگی میں تمام فریقوں کے درمیان ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel