فلسطینیوں پر ہونے والے تشویشناک تشدد کو روکا جائے: پوپ لیو چہاردہم
کیتھولک عیسائیوں کے عالمی مذہبی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے فلسطینیوں کے خلاف جاری تشدد کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹ کے مطابق روم کے قریب واقع کاسٹل گاندولفو میں گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہری آبادی کے خلاف بار بار ہونے والے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔ انہوں نے کسی مخصوص واقعہ یا فریق کا نام لیے بغیر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ منصفانہ اور پائیدار امن کی خاطر دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
پوپ لیو چہاردہم نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف جاری تشدد فوری طور پر روکنے کا مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انتہاپسند صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور مغربی کنارے کے گاؤں قصرا میں فلسطینی آبادی کو محاصرے کی صورت حال کا سامنا ہے۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق صیہونی آبادکاروں نے پانی اور بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے بعد متعدد گھروں کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مزید فلسطینی اراضی پر قبضہ کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہیں، جس سے مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مختص علاقوں کا دائرہ مزید محدود ہو رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel