فرانس: پیرس کی قدیم ترین فوڈ مارکیٹ آتش زدگی میں تباہ ہوگئی
فرانس کے دارالحکومت پیرس کا قدیم ترین ڈھکا ہوا غذائی بازار پیر کی صبح شدید آتش زدگی کے بعد تباہ ہوگیا۔
سحرنیو/ایران: اطلاعات کے مطابق شہر کے تاریخی علاقے مارے میں واقع مارشے دے زانفاں روژ میں رات گئے سے پیر کی صبح تک بھڑکنے والی آگ نے بازار کے اندرونی حصے اور دھاتی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔
حکام کے مطابق، آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم عمارت کا دھاتی ڈھانچا اندر کی جانب جزوی طور پر منہدم ہوگیا۔ آتش زدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی البتہ حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پیرس کے فائر بریگیڈ کے لیفٹیننٹ کرنل پیئر دے بوویے نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور ڈھکے ہوئے بازار کی کوئی قابلِ استعمال ساخت باقی نہیں رہی۔ ان کے مطابق، آگ نے تقریباً ایک ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
فائر فائٹرز نے شعلوں کو قریبی عمارتوں تک پہنچنے سے روک دیا، جس سے گنجان آبادی والے مرکزی علاقے میں مزید نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔
پیرس سینٹر کے میئر ایریل وائل نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور آس پاس کی عمارتیں متاثر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے فائر فائٹرز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے علاقے کے لوگوں سے جائے وقوعہ کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel