تبت میں زلزلہ، 16 افراد ہلاک، سینکڑوں مکانات منہدم
میڈیا رپورٹوں کے مطابق چین کے علاقے تبت میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 65 زخمی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: چین کی سرکاری میڈیا کے مطابق، جمعرات کی شام چین کے علاقے تبت میں زلزلہ آیا جس کی شدت زلزلہ پیما پر 7 بتائی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق علاقے کے شمالی حصے میں واقع شہر ’ناگچو‘ میں سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ ناگچو کے میڈیا آفس نے مقامی سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کم از کم 339 مکانات اور مویشیوں کے 20 شیلٹر منہدم ہونے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 12 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امدادی کاموں کے لیے مقامی کاؤنٹیوں سے ایک ہزار چھ سو سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ علاقے میں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جس میں ایک ہزار پہلے سے تیار شدہ رہائشی یونٹ، تقریباً تین ہزار خیمے اور فولڈنگ بیڈ، نیز ٹارچیں اور موسم سرما کے کپڑے شامل ہیں۔
دریں اثنا چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نے جمعہ کو بتایا کہ علاقے کے کچھ حصوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور مقامی ریلوے حکام نے علاقے سے گزرنے والی ٹرینوں کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔
شنہوا کے مطابق، زلزلے کی وجہ سے چٹانیں گرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث مقامی حکام کو ’نیشنل ہائی وے 317‘ کا ایک حصہ بند کرنا پڑا۔ فی الحال ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اس راستے پر صرف ہنگامی، امدادی اور سرکاری امدادی گاڑیوں کو ہی جانے کی اجازت ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp hannel