فاروق عبد اللہ نے بی جے پی کے منصوبوں سے اٹھایا پردہ
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے بڑے لیڈر ہندو ووٹروں میں خوف پیدا کرنے کے لئے اپنی انتخابی مہم جموں خطے پر مرکوز کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے لیکن فتح بالآخر نیشنل کانفرنس کی ہی ہوگی۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں نسیم باغ میں واقع مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے مقبرہ پر فاتحہ پڑھنے کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا، 'نیشنل کانفرنس کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے لیکن انشاء اللہ فتح نیشنل کانفرنس کی ہی ہوگی'۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ کا نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے متعلق بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہنا تھا: 'وہ بہت کچھ کہتے ہیں جس بھارت کو وہ بنانا چاہتے ہیں ہم اس کے خلاف ہیں یہ بھارت سب کا ہے جتنے لوگ یہاں رہتے ہیں خواہ وہ ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی بدھ ہیں یہ ملک ان سب کا ہے'۔ انہوں نے کہا: 'اس ملک کے لئے مسلمانوں نے بھی بڑی قربانیاں پیش کی ہیں، ہم درانداز نہیں ہیں' ۔