Feb ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • لبنان میں سید حسن نصراللہ اور ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو فلسطین اور اس کے مستقبل کے بارے ميں فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے-

سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات میں کہا کہ فلسطینیوں کے پاس جنگ کے بعد کے مرحلے کا بھی پروگرام اور منصوبہ موجود ہے- اس ملاقات میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے استقامت کو علاقے کے معاملات کا اہم عنصر قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ صیہونی دشمن میدان جنگ میں کوئی بھی مقصد حاصل نہ کرسکا اور بلاشبہ ملت فلسطین اور استقامت کی کامیابی یقینی ہے-

حزب اللہ کے سربراہ نے غزہ اور غرب اردن کی موجودہ صورت حال کے بارے میں رہبرانقلاب اسلامی ایران کے مدبرانہ ، واضح اور مضبوط موقف کو دنیا کے تمام رہنماؤں کے مقابلے میں اپنی مثال آپ قرار دیا- اس ملاقات میں ایران کے وزيرخارجہ نے بھی تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی استقامت نے استقامت و پائیداری کے لحاظ سے بھی اور سیاسی طریقہ کار کے لحاظ سے بھی تدبیر اور پوری مضبوطی سے کام کیا ہے اور ہر سیاسی جدت عمل میں فلسطینی عوام ، ان کے رہنماؤں اور فلسطینی گروہوں کا کردار مرکزی ہونا چاہئے-

حسین امیرعبداللہیان نے لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے بھی ملاقات کی ۔ انھوں نے اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح فلسطینی استقامت کی حمایت جاری رکھنے پر تاکید کرتا ہے اور غزہ کے خلاف اسرائیلی حکومت کے حملے اور علاقے میں جنگ کا دائرہ بڑھنے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے

ٹیگس