Nov ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • جو بائیڈن پکّے جھوٹے اور مکّار ہیں، جہاد اسلامی فلسطین

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن پکے جھوٹے اور مکار آدمی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن پکے جھوٹے اور مکار آدمی ہیں اور غزہ کے الشفا اسپتال پر غاصب صیہونیوں کے حملے کی ذمہ داری انہیں پر عائد ہوتی ہے۔

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ میں واقع الشفا میڈیکل کمپلیکس کے کئی دن کے محاصرے اور اس کے آس پاس بمباری کے بعد آج بدھ کی صبح الشفا اسپتال پر حملہ کردیا اور اس کے اندر داخل ہوگئے۔ چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے آج الشفا میڈیکل کمپلیکس میں داخل ہو کر کمروں میں زیر علاج مریضوں پر فائرنگ کی۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے آج ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں کے تحفظ کے بارے میں جو بائیڈن کی باتیں مکارانہ اور اس اسپتال پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے جرم کو چھپانے کے لئے ہیں۔

تحریک جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ امریکہ نے صیہونی غاصبوں کو غزہ کے اسپتالوں اور طبی مراکز پر حملے اور غیر فوجی افراد کے قتل عام  کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے زور دے کر کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے کی توانائی نہیں رکھتی اس لئے وہ نمائشی کامیابی کا پروپیگنڈا کرنے کے لئے غیرفوجی افراد طبی مراکز سے وابستہ لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

 

ٹیگس