كشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں اور مظاہرے
آج پاکستان کے مختلف شہروں اور اس ملک کے زیرانتظام کشمیر میں كشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اورمظاہرےکئے گئے۔
كشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آج پاکستان بھر میں یوم یكجہتی كشمیر منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں آج تمام شہروں میں كشمیری عوام سے یكجہتی كے اظہار كے لئے ریلیاں نکالی گئیں اوراحتجاجی مظاہرےکئے گئے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی زنجیر بنائی گئی اور مظاہرے کئے گئے جبکہ لاھور میں جماعت اسلامی نے ایک بڑی ریلی نکالی جس سے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل ہونا چاہئیے اس لئے کہ حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ اسی طرح مجلس وحدت مسلمین، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ، سنی تحریک، تحریک انصاف اور دوسری سیاسی و مذھبی جماعتوں نے آج لاھور، کراچی کویٹہ، پیشاور، ملتان، حیدرآباد، چارسدہ، جہلم اور دوسرے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے،ریلیاں نکالیں اور مسئلہ کشمیر کے حل پر تاکید کی۔
در ایں اثنا یوم یکجہتی کشمیر پرقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی کا کردار تاریخی رہا اور پیپلز پارٹی کشمیر کی آزادی کی تحریک میں بھرپورکردار ادا کرتی رہے گی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت سے محرومی عالمی برادری کی ناکامی ہے، کشمیر کے مسئلے کا حل پورے خطے کے مفاد میں ہے جبکہ ہندوستان کو کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔