Jun ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
  • روزانہ ایک آڑو کھانے سے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات

آڑو اس موسم کا بہترین پھل ہے.

موسم گرما میں متعدد پھل دستیاب ہوتے ہیں اور ان میں سے ہر ایک ذائقے کے حوالے سے منفرد ہوتا ہے۔

ایسا ہی ایک پھل آڑو ہے جو اس موسم میں دستیاب ایک بہترین سوغات ہے ۔

کھٹے میٹھے ذائقے والا آڑو وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے ۔

درحقیقت روزانہ صرف ایک آڑو کھانے سے بھی آپ اپنی صحت کو متعدد فوائد پہنچا سکتے ہیں۔

ایک بڑا آڑو کھانے سے 68 کیلوریز، 2 گرام فائبر، 1.3 گرام پروٹین کے ساتھ ساتھ وٹامن سی، وٹامن اے اور پوٹاشیم سمیت متعدد غذائی اجزا جسم کا حصہ بنتے ہیں۔

روزانہ ایک آڑو کھانا عادت بنالیں تو آپ اپنے جسم میں درج ذیل تبدیلیاں لاسکتے ہیں۔

نظام ہاضمہ کو صحت مند بنائے

آڑو نظام ہاضمہ کو صحت مند بنانے کے لیے بہترین پھل ثابت ہو سکتا ہے۔

ایک درمیانے حجم کے آڑو میں 2 گرام غذائی فائبر موجود ہوتا ہے۔

یہ غذائی جز قبض کی روک تھام کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے یا قبض کے شکار افراد کو ریلیف پہنچتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ فائبر آنتوں میں موجود بیکٹریا کی غذا کا کام بھی کرتا ہے جس سے معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

پوٹاشیم کا حصول

پوٹاشیم ہمارے جسم کے لیے ایک ضرری الیکٹرولائٹ ہے جو خلیات کے افعال کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس غذائی جز سے ہائی بلڈ پریشر، فالج اور گردوں کی پتھری جیسے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

ایک آڑو میں پوٹاشیم کی مقدار روزانہ درکار مقدار کے 8 فیصد کے برابر ہوتی ہے۔

ویسے آڑو پوٹاشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ نہیں مگر پھر بھی اس پھل کو کھانے سے دائمی امراض کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

دل کے لیے بھی مفید

آڑو سمیت دیگر پھلوں کو کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

تاہم آڑو کھانے سے امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق آڑو کھانے سے نقصان دہ کولیسٹرول، بلڈ پریشر اور خون میں چکنائی کی سطح میں کمی آتی ہے۔

اس پھل کے جوس سے بھی ایسے ہارمون کی سطح میں کمی آتی ہے جو بلڈ پریشر میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

مدافعتی نظام مضبوط بنائے

ایک درمیانے سائزکے آڑو میں وٹامن سی کی روزانہ درکار مقدار کا 13.2 فیصد حصہ ہوتا ہے۔

وٹامن سی جسم کے زخم بھرنے کی صلاحیت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے، جبکہ جسم میں گردش کرنے والے ایسے کیمیکلز کے اخراج کے لیے بھی مدد فراہم کرتا ہے جو خلیات کو نقصان پہنچا کر کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

 

خون کی کمی دور کرے

آئرن ہیموگلوبن کا ایک ضروری جز ہے جو خون کو آکسیجن جسم کے تمام اعضا تک پہنچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

جسم میں ہیموگلوبن کی کمی سے خون کی کمی کا سامنا ہوتا ہے جس سے شدید تھکاوٹ، جِلد کی رنگت پیلی بڑ جانا اور سانس چڑھنے سمیت دیگر علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

آڑو میں آئرن کی مناسب مقدار موجود ہوتی ہے اور دیگر آئرن سے بھرپور غذائیں جیسے کشمش یا پالک کے ساتھ اس پھل کے استعمال سے خون کی کمی دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

ٹیگس