Jun ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۷ Asia/Tehran
  • برکس، ڈالر کی بالادستی کا مقابلہ کرنے کا پلیٹ فارم ہے

پاکستان کے سینیئر سیاستداں اور سینیٹ کی دفاعی امور کی کمیٹی کے سابق چیئرمین نے برکس گروپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اُسے ایک ایسے پلیٹ فارم سے تعبیر کیا ہے جس کے ذریعے مشترکہ طور پر امریکی ڈالر کی بالادستی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ہمارے نمائندے کے مطابق حال ہی میں روس میں منعقدہ برکس کے اجلاسوں میں شرکت کرنے والے مشاہد حسین سید نے بتایا کہ رکن اور مہمان ممالک نے بین الاقوامی تعلقات کو مزید جمہوری بنانے اور تسلط کے نظام کے خلاف اہم بات چیت کی اور باہمی احترام اور مساوات کے فروغ کے حوالے سے جو تجاویز پیش کی گئیں انہیں نافذ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس کا پلیٹ فارم بین الاقوامی مسائل کے غیرعسکری حل کے حوالے سے بہت اہم ہے۔ مشاہد حسین سید نے یہ بات زور دے کر کہی کہ برکس گروپ مقامی کرنسیوں کے حامل ممالک کے درمیان تجارت کی حوصلہ افزائی کرنے، ڈالر پر انحصار کم کرنے اور امریکی ڈالر کی بالادستی کا مقابلہ کرنے کا پلیٹ فارم ہے جسے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں، پاکستان کی وزارت خارجہ نے برکس گروپ میں شامل ہونے کی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے برکس کو ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک اہم کثیر الجہتی فورم قرار دیا تھا۔

ٹیگس