Apr ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران میں یوم مسلح افواج، ایران کی دفاعی صلاحیت و اقتدار کا جلوہ

آج انتیس فروردین مطابق اٹھارہ اپریل ہے اور یہ دن ایران میں یوم مسلح افواج کے طور پر منایا جاتا ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے، کہ جو اپنی روز افزوں صلاحیتوں کے ذریعے جارحین کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے، آج اپنی قوت و اقتدار کا مظاہرہ کیا تاکہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں سے دشمن کو آگاہ کرے اور علاقے کی قوموں کو بھی یہ نوید دے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقتور فوج امن وسلامتی کی محافظ ہے- 

آج بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج ، دفاع مقدس کے تجربوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور دفاع کی عظیم گنجائشوں سے بہرہ مند ہوتے ہوئے اس بات کے لئے آمادہ ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا بھرپور طریقے سے دفاع کریں اور ایک دفاعی طاقت کے طور پر دشمن کو حتی ایران کی سرحدوں سے باہر بھی نابود کردیں- اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں سے، جن کا ایک حصہ یوم مسلح افواج کے موقع پر ظاہر ہوا، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی طاقت کی عکاسی ہوتی ہے ، البتہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کا اصلی سرچشمہ ایمان اورالہی اقدار کی پابندی ہے جو کہ آٹھ سال کے مقدس دفاع کے دوران ایثار وقربانی کی اعلی ترین سطح پرنمایاں ہوا - اسلامی جمہوریہ ایران نے بری ، بحری اور فضائی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب تک جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول کے ساتھ ہی جدید ترین بیلسٹیک میزائیل بنانے میں خودکفیل ہوگیا ہے اور ان ملکوں میں شامل ہوگیا ہے کہ جو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حامل ہیں- 

 یوم مسلح افواج کے موقع پر وزارت دفاع کی جدید مصنوعات کی رونمائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کی موجودگی میں کی گئی- ان مصنوعات میں کوثر نامی تربیتی طیارے، مہاجر 6 نامی ڈرون، نصیر نامی اینٹی شپ کروز میزائل اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے فکور نامی میزائل کی رونمائی کی گئی- 

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ان مصنوعات کی رونمائی کے موقع پر قاہر 313 جنگی طیارے کی ٹیسٹ پروازیں کرنے کا بھی حکم صادر کیا -  اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع کے مطابق "قاہر 313 " لڑاکا طیارہ بہت نیچی سطح پر پرواز کرسکتا ہے اور دشمن کے ریڈار آسانی سے اس کا سراغ نہیں لگا سکتے جبکہ اس میں الیکٹرانیک کے ترقی یافتہ آلات سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔ صبا 248 ہیلی کاپٹر اور کرار ٹینک بھی ایران کی وزارت دفاع کے دو جدید ہتھیار ہیں کہ جن کی ڈیزائننگ اور تیاری، مکمل طور پر مقامی اور داخلی ماہرین کے توسط سے انجام پائی ہے- حقیقت یہ ہے کہ علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اورامریکہ اور نیٹو کے روز افزوں جارحانہ اقدامات اور دھمکیوں اور خطرات کے مقابلے کے لئے، آمادگی میں اضافہ ضروری ہے-

ایران خود مسلط کردہ جنگ کی بھینٹ چڑھنے والا ملک ہے، اور ایک نئی جنگ شروع کئے جانے کی بابت یہی ذہنیت اس بات کی متقاضی ہے کہ ایران مختلف سطحوں پر اپنی دفاعی طاقت کا تحفظ کرے تاکہ دشمن جنگ کی دھمکی دینے کی بھی جرات نہ کرسکے اور اس بات کا یقین کرلے کہ ایران پر حملہ  اس کی اپنی نابودی کا باعث بنے گا-

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی کسی ملک کے خلاف جنگ کا آغاز نہیں کیا ہے اور نہ ہی کرے گا لیکن یقینا کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے میں ذرہ برابر لیت و لعل سے کام نہیں لے گا- اسلامی جمہوریہ ایران دفا‏عی اعتبارسے آج بہت ہی مضبوط پوزیشن میں ہے اوراس نے بری  بحری اورفضائی شعبوں میں ایسی کامیابیاں حاصل کرلی ہیں کہ دشمن ایران کی طرف آنکھ اٹھا کردیکھنے کی بھی جرات نہیں کرسکتا اور اسی طاقت کا مظاہرہ آج یوم مسلح افواج کے موقع پر کیا گیا-          

ٹیگس