Mar ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  •   نیا سال 1398 ہجری شمسی، رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام نوروز کے آئینے میں

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے نئے ہجری شمسی سال 1398 کے آغاز کی مناسبت سے ایک پیغام میں نئے سال کو "پیداوار میں رونق" کا سال قرار دیا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے گذرے ہوئے سال 1397 ہجری شمسی کو، دشمنوں کی مہم جوئی سے بھرپور سال قرار دیا اور  فرمایا کہ جو سال گزرا اس میں دشمنوں نے ایران کے خلاف بہت زیادہ سازشیں تیار کی تھیں اور ایرانی قوم کے خلاف منصوبے تیار کر رکھے تھے، لیکن ایرانی قوم کے عزم و بصیرت اور نوجوانوں کی بلند ہمتی نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیا۔

ایران کی عظیم قوم ایسی حالت میں نئے سال کا آغاز کر رہی ہے کہ اس نے گذشتہ سال میں اپنی پوری قوت و اقتدار کے ساتھ  اپنے ناقابل شکست ہونے کودشمن پر ظاہر کردیا اور متحد ہوکر امریکہ اور یورپی دباؤ کے مقابلے میں ڈٹ گئی- اور یہ ثابت کردیا کہ اسلامی انقلاب کے اصولوں اور امنگوں پر قائم رہتے ہوئے، استقامت و پائمردی کے ساتھ عالمی طاقتوں کی تسلط پسندی کو چیلنج سے دوچار کیا جا سکتا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے اس سلسلے میں ایرانی قوم کے ان اقدامات کو سراہا، اور سیاسی و اقتصادی میدانوں میں امریکہ اور یورپ کی شدید پابندیوں پر عوام کے ردعمل کو ، ٹھوس اور طاقتور ردعمل قرار دیا اور فرمایا کہ اس سیاسی ردعمل کا مظہر بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت تھی اور اس کے علاوہ بھی پورے سال میں متعدد مواقع پر عوام نے اپنے مواقف کا اظہار کیا ہے۔ سائنسی و تکنیکی ایجادات اور نالج بیسڈ کمپنیوں کی تعداد میں قابل قدر اضافہ، اندرونی طور پر انفراسٹرکچر اور بنیادی حیثیت کی پیداوار، جیسے کہ  چند روز قبل ملک کے جنوبی حصے میں گیس فیلڈ کے متعدد فیز کا افتتاح اور اس سے قبل بندرعباس کی بڑی ریفائنری کا افتتاح اور اسی طرح کے دوسرے کام جو انجام پائے، اقتصادی مقابلہ آرائی میں اختیار کئے گئے موقف کا مظہر ہیں ۔ بنابریں ملت ایران ، دشمنوں کی دشمنی اور خباثتوں کے مقابلے میں اپنی قوت، ہیبت اورعظمت کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہی اور الحمدللہ ہماری قوم ، ہمارے انقلاب اور ہمارے اسلامی جمہوری نظام کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں درحقیقت اہم مسائل کا ذکر فرمایا ہے کہ جو ایرانی قوم کی عزت و اقتدار کا بنیادی محور ہیں- امریکہ اور یورپ کے سیاسی و اقتصادی دباؤ کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت و پائیداری بھی ان ہی اہم مسائل میں سے ہے اور عوام نے گذشتہ سال  سخت و دشوار مرحلہ طے کیا اور اپنے اتحاد و یکجہتی کا تحفظ کرتے ہوئے سربلندی و کامیابی کے ساتھ اس مرحلے کو عبور کیا- اس پائیداری سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایران کے عوام سختیوں اور اقتصادی مشکلات کے باوجود، منھ زور طاقتوں کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں- 

لیکن ایک اور اہم مسئلہ کہ جس کی جانب رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں اشارہ فرمایا ہے ، یہ ہے کہ سب مل کر ملک کی ترقی کے لئے قومی پیداوار کے فروغ پر توجہ دیں اور اس میدان میں اپنی باطنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، یہ مسئلہ اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے اور پابندیوں اور دباؤ میں کمی لانے میں نمایاں اثرات کا حامل رہا ہے- 

رہبر انقلاب اسلامی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ  گذشتہ سال 1397 ہجری شمسی کو ایرانی مصنوعات کی حمایت کا سال قرار دیا تھا اور عوام نے اس کا خیر مقدم بھی کیا اور اس کے مثبت اثرات بھی ظاہر ہوئے فرمایا اس سال اہم اور بنیادی مسئلہ 'پیداوار' کا مسئلہ ہے۔ اگر پیداوار کا سلسلہ چل پڑے تو معاشی  اور روزگار کی مشکلات بھی حل ہو جائیں گی، اور ملک بھی اغیار اور دشمنوں سے بے نیاز ہوجائےگا، اور ملکی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کا مسئلے بھی کافی حد تک حل ہو جائے گا- اس لئے میں اس سال کا سلوگن "قومی پیداوار میں رونق" قرار دے رہا ہوں- 

گذشتہ سال دشمن کی مہم جوئیوں اور ان کے توسط سے پیدا کردہ سخت و دشوار حالات سے یہ ثابت ہوگیا کہ دشمنوں کا ایک اہم مقصد عوام میں مایوسی اور ناامیدی پیدا کرنا ہے اور یہ باور کرانا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، سیاسی و اقتصادی میدانوں میں ناکام رہا ہے- امریکہ، اسلامی جمہوری نظام کے خلاف نفسیاتی اور تشہیراتی جنگ چھیڑنے کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں مشکلات کو بہت بڑا بناکر پیش کرنے کے درپے ہے- 

اس نقطہ نگاہ سے رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام اور ان کی جانب سے نئے سال 1398 ہجری شمسی کو قومی پیداوار میں رونق کا سال قرار دینے سے ملت ایران کے سامنے کامیابی کے نئے افق روشن ہوں گے اور اس طرح سے ملت ایران دشمنوں کی دشمنی اور خباثت کے مقابلے میں پائیداری و استقامت کے ساتھ ہی مزید اپنی ہیبت و عظمت کو ظاہر کر سکے گی-   

ٹیگس