Feb ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • سونے کی عالمی قیمت میں کمی اور تیل کی قیمت میں اضافہ

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی اور تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک کی اقتصادی ڈیسک کے مطابق منگل کے روز بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رحجان جاری رہا۔

رپورٹوں کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران سونے کے لین دین میں مجموعی طورپر تین فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

امریکہ میں اپریل کیلئے سونے کے سودے ایک ہزار دو سو پانچ ڈالر، ساٹھ سینٹ فی اونس میں طے کیے گئے۔

لندن میں سونے کی قیمتوں میں تقریبا دو اعشاریہ سات فی صد تک کی کمی واقع ہوئی اور مستقبل کے سودے بارہ ہزار دو سو چار ڈالر اسی سینٹ فی اونس میں طے کیے گئے۔

دوسری جانب تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دکھائی دیا اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں پندرہ سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ میں تحویل دینے کے لیے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے انتیس ڈالر انسٹھ سینٹ پر بند ہوئے۔

ادھر منگل کے روز یورپی تیل کی قیمت میں پچاس سینٹ کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور نارتھ سی برینٹ کے سودے اپریل میں تحویل دینے کے لیے تینتیس ڈالر اناسی سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اس خبر کے بعد ہوا کہ سعودی عرب، وینیزویلا اور قطر نے اپنی تیل کی پیداواری سطح میں اضافہ نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس