صدر ایران نے کی فلسطینی عوام کی حمایت اور حق کا ساتھ دینے پر پاکستانی عوام کی قدردانی
صدر ایران نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف دونوں ملکوں کی مشترکہ جدوجہد قابل تعریف ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں کی جو جہاں کہیں بھی ہیں اپنی جانب سے اور رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے قدردانی کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا اور فلسطینی عوام کا دفاع کیا اور سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور قدس شریف کی آزادی کیلئے حق و عدالت کا دفاع کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکہ کی حمایت سے غاصب اسرائیل نے غزہ میں بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی اور اس کے خلاف جس طریقے سے پاکستان کی حکومت اور عوام نے آواز بلند کی ہم اس کی قدردانی کرتے ہیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی جارحیت پر عالمی اداروں کی خاموشی سے ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔
ایران کے صدر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف دونوں ملکوں کی مشترکہ جدوجہد قابل تعریف ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ آج پاکستان کے وزیر اعظم سے جو میٹنگ ہوئی اس میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ ہوا۔