Sep ۱۰, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی حکومت کشمیریوں سے مذاکرات کے لئے تیار

ہندوستان کے وزیر داخلہ نے تمام کشمیری گروہوں کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

 ہندوستان کے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کہ جو شمالی کشمیر کے اننت ناگ علاقے کے دورے پر ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کے زیرکنٹرول کشمیر کے تمام گروہوں کے ساتھ اس علاقے میں امن و استحکام کے سلسلے میں مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

ہندوستانی وزیرداخلہ کے یہ بیانات ایسے عالم میں سامنے آئے ہیں کہ انھوں نے اب تک حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو کہ جو مسئلہ کشمیر کے اصلی فریق شمار ہوتے ہیں، مذاکرات کی دعوت نہیں دی ہے۔

ہندوستانی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ کشمیر کے موقع پر اس علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں عوام کی سرکوبی اور ان کے قتل کے خلاف مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔

مظاہرین نے ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں کشمیریوں پر ہونے والے تشدد اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے نریندرمودی حکومت سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔

ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں اور کشمیریوں کے درمیان جھڑپوں میں انیس سو نواسی سے اب تک سڑسٹھ ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

ہندوستان کی جانب سے کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لئے ریفرینڈم کرائے جانے کے مطالبے کی مخالفت کے باعث اس علاقے کے بحران میں شدت آئی ہے۔

ٹیگس