Sep ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان اورافغانستان کے تعلقات کے فروغ پر تاکید

افغانستان کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نے اس بات کو دہرایا کہ ہندوستان دہشت گردی سے لڑنے میں افغانستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے جواس ملک اور اس کے عوام پر تھوپی گئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ ہندوستان، افغانستان کو ایک پرامن، متحد، جمہوری اور خوشحال ملک بنانے کی ان کی کوششوں میں وہاں کے عوام اور حکومت کی مکمل حمایت کرے گا۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی اورافغانستان کے وزیر خارجہ ربانی نے افغانستان کی صورت حال کے بارے میں گفتگو کرنے کے علاوہ اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ افغانستان میں جو بھی عمل شروع کیا جائے گا وہ افغانستان کی قیادت میں ہوگا اور اس پر افغانستان کا ہی کنٹرول ہوگا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ ربانی ہندوستان افغانستان اسٹریٹجک شراکت داری کونسل کے دوسرے اجلاس میں شرکت کرنے کے سلسلہ میں ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس