Oct ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • بی جے پی فرقہ پرستی کی راہ پر گامزن

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ایک پھر بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پرفرقہ پرستی کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سےگفتگو کرتے ہوئےکہاکہ بی جے پی فرقہ پرستی کی سیاست کررہی ہے اور لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کررہی ہے جسے بنگال کے لوگ برداشت نہیں کریں گے۔ بی جے پی کو یہاں قبولیت نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے وہ ایسے کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے ان لوگوں سے نفرت ہے جو اپنا وجود قائم رکھنے کے لئے دوسروں کے مذہبی عقیدوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ کوئی شخص کون سے مذہب کو مان رہا ہے یہ اس کا نجی معاملہ ہے۔ کوئی بھی کسی دوسرے شخص پر کسی مذہب کو تھوپ نہیں سکتا۔ حکمراں لوگوں کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کریں نہ کہ تقسیم کریں۔

محترمہ بنرجی نے کہاکہ ہندو اور مسلمان دونوں کے خون کا رنگ لال ہے۔ بنگال میں مختلف مذاہب اور عقیدہ کے لوگ بھائی چارہ کے ساتھ متحد ہوکر رہتے ہیں۔ انہوں نے تمام سے پرامن طریقہ سے رہنے کی اپیل کی۔

دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پورا ہندوستان اس وقت فرقہ پرستی کی لپیٹ میں آچکا ہے اور اگر وقت پر اس رجحان کی روک تھام نہ کی گئی تو یہ تباہی اور بربادی کا سامان بن سکتا ہے اور ساتھ ہی ملک کی سالمیت اور آزادی کے لئے بھی بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے نازک مرحلے پر ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنی ریاست کی صدیوں کے آپسی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی ، رواداری اور کشمیریت کو زندہ رکھنے کے لئے متحدہ ہوکر فرقہ پرست طاقتوں کی تمام چالوں کو ناکام بنائیں۔

ٹیگس