Dec ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی بحرانی صورت حال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہفتے کو خونریز پرتشدد مظاہروں میں سات عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد اتوار کو عام ہڑتال رہی اور لوگوں نے ایک بار پھر مظاہرے کئے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ وادی میں عام ہڑتال مزاحمتی جماعتوں کی اپیل پر کی گئی جس کے دوران معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے -
حکام نے جنوبی کشمیر میں اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا جبکہ سری نگر کے پائین شہر میں بھی سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے- کرفیو اور سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کے باوجود جنوبی کشمیر میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر ایک بار پھر احتجاجی مظاہرے کئے-
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے سیکورٹی فورس نے طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے -
دوسری جانب مزاحمتی جماعتوں کے اتحاد نے سترہ دسمبر کو ایک احتجاجی مارچ کی بھی کال دے دی- اس درمیان سیکورٹی فورس نے علیحدگی پسند رہنماؤں کے گھروں پر چھاپہ مار کر متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تاہم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یسین ملک پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے-
وادی میں پولیس کا دعوی ہے کہ اتوار کو کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا- پولیس نے اگرچہ کہا ہے کہ ہفتے کے واقعے اور ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاہم مقامی لوگوں میں شدید غم غصہ پایا جا تا ہے-

 

ٹیگس