Feb ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • شاہین باغ کے مظاہرین کی جانب سے وزیراعطم مودی کو آنے کی دعوت

سی اے اے اور این آر سی کے خلاف جہاں ہندوستان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں وہیں گذشتہ دومہینے سے دہلی کے شاہین باغ میں جاری احتجاجی دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم مودی کو شاہین باغ آنے اور ولنٹائن ڈے منانے کی دعوت دی ہے

ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی کے شاہین باغ میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم نریندر مودی کو شاہین باغ آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئیں تو ان کے لئے ایک گیت بھی گایا جائےگا اور سرپرائزگفٹ بھی دیا جائے گا - شاہین باغ میں دھرنے کے مقام پر اسی طرح کےبیانات والے پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں۔ ان پوسٹروں میں لکھا ہے کہ وزیراعظم مودی برائے مہربانی شاہین باغ آئیے اور اپنا تحفہ لے جایئے اور ساتھ ہی ہم سے بات بھی کیجئے - دھرنے پر موجود ایک شخص نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی یا وزیرداخلہ امت شاہ یا کوئی بھی دوسرا یہاں آسکتا ہے اور ہم سے بات کرسکتا ہے - دھرنے پر مذکورہ شخص نے کہا کہ اگر وہ ہمیں سمجھا دیں گے کہ سی اے اور این آرسی میں جو بھی ہورہا ہے وہ آئین کے خلاف نہیں ہے تو ہم اپنا دھرنا ختم کردیں گے - انہوں نے کہا کہ حکومت یہ تو کہہ رہی ہے کہ سی اے اے کسی کی شہریت نہیں لیتا لیکن کوئی یہ بتانے کے لئے تیار نہیں ہے کہ یہ قانون ملک کے لئے مددگار کیسے ثابت ہوگا - قبل ازیں دہلی کے ریاستی انتخابات میں شکست کے  بعد وزیرداخلہ اور بی جے پی کے اہم لیڈر امت شاہ نے کہا ہے کہ وہ سی اے اے پر بات کرنے کے لئے آمادہ ہیں اور تین دن کے اندر اندر وہ اس معاملے پر بات چیت کے لئے وقت دینے کے لئےتیارہیں - ایسی ہی خبریں وزیراعظم کے دفتر سے بھی سامنےآئی ہیں - دوسری جانب جنوبی شہر بنگورو میں سی اے اے اور این آر سی کےخلاف   احتجاجی دھرنا ٹاؤن ہال کے باہر جاری ہے - اس دھرنے کی صدارت ہندوستان کے بزرگ مجاہد آزادی ایک سو چار سالہ مسٹر ایچ ایس  درے سوامی کررہے ہیں - انہوں نے دھرنے کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ وہ سی اے اے اور این آرسی سے کہیں زیادہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہیں - انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سی اے اے اور این آرسی کے خلاف جو تحریک چل رہی ہے وہ اتنی ہی اہم ہے  جتنی جنگ آزادی کی تحریک اہم تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے سبھی لوگ ہندوستانی ہیں اور اس طرح کا قانون ملک کو بانٹنے کا کام کررہا ہے - ایک سو چار سالہ ہندوستانی مجاہد آزادی درے سوامی نے کہا حکومت کے اعلی عہدیدار ملک میں مسائل پیدا کررہے ہیں - اس درمیان  این آر سی اور این پی آر کے خلاف سابق طلبا لیڈر اور سی پی آئی کے رہنما کنہیا کمار کی ریاست بہار میں شہر شہربیداری مہم کا سلسلہ جاری ہے - کنہیا کمار جمعہ کو ریاست بہار کے ضلع آرا میں ایک عوامی جلسے کو خطاب کرنے والے تھے لیکن اس سے پہلے گذشتہ رات اس اسٹیج کو آگ لگادی گئی جہاں وہ تقریر کرنے والے تھے - انہوں نے اس واقعے کے ردعمل میں کہا کہ خواہ آگ لگاؤ یا کچھ بھی کرو ہم عوام میں بیداری کی اپنی مہم جاری رکھیں گے - انہوں نے بکسر میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پروگرام کے مطابق ہی یہاں سے آرا جائیں گے اور لوگوں کے  اجتماع سے خطاب کریں گے - کنہیا کمار گذشتہ پندرہ روز سے بہار کے مختلف شہروں کے دورے پر ہیں اس دوران ان کے قافلے پر چھے بار حملے ہوچکے ہیں - اس درمیان اطلاعات ہیں کہ آرا جاتے ہوئے ایک بار پھر کنہیا کمارے کے قافلے پر پتھراؤ ہوا ہے

 

ٹیگس