Feb ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • دہلی میں نماز جمعہ کے مد نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات

شمال مشرقی دہلی میں تین دنوں تک جاری فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔ گرو تیغ بہادر اسپتال میں 34 افراد جبکہ لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال میں تین جبکہ ایک شخص کی جگ پرویش چند اسپتال میں موت ہوئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے شمال مشرقی علاقے میں پر  تشدد واقعات کے پیش نظرآج جمعہ کی نماز کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی تشدد کےبعد آج پہلی جمعے کی نماز پڑھی جائے گی اورپولیس کی کوشش ہے کہ آج کا دن امن و امان سے گذر جائے اور اسی لئے دہلی پولیس نے علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے چپے چپے میں سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا ہے۔

جبکہ کل رات پولیس نے تشدد سے متاثر ہونے والے علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔

واضح رہے کہ دہلی میں گزشتہ دنوں سے جاری پرتشدد واقعات میں اب تک مرنے والوں کی تعداد38 ہو گئی ہے جبکہ 200 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ پرتشدد واقعات میں اب تک 106 افرادکو گرفتار کیا گیا ہے ۔

دہلی تشدد معاملے میں جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ نے دہلی پولیس اور مرکزی حکومت کو اشتعال انگیز بیان کو لے کرداخل عرضی پر تفصیلی جواب داخل کرنے کو کہا ہے اوراس معاملے پر آئندہ سماعت 13 اپریل کو ہوگی۔

ٹیگس