Oct ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی، ہاتھرس کے راستے میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور موجودہ ایم پی راہل گاندھی کو پولیس نے ہاتھرس کے راستے میں گرفتار کرلیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرا‏ئع کے مطابق کانگریس پارٹی کے ایم پی اور سابق صدر راہل گاندھی جمعرات کو اس وقت گرفتار کر لئے گئے جب وہ جنسی زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد اسپتال میں دم توڑ دینے والی دلت لڑکی کے گھر والوں سے ملنے کے لئے ہاتھرس جا رہے تھے۔

راہل گاندھی اپنی بہن اور کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینیکا گاندھی کے ساتھ پیدل مارچ کرتے ہوئے ہاتھرس کی جانب بڑھ رہے تھے کہ جمنا ایکسپریس وے پر پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

راہل گاندھی نے اس پر پولیس سے سوال کیا کہ انہیں کس قانون کے تحت روکا جا رہا ہے؟ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اکیلے جائیں گے، اکیلے آدمی پر دفعہ ایک سو چوالیس کیسے نافذ کی جا سکتی ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے راہل گاندھی کو دھکا دے کے گرا دیا اور پھر انہیں گرفتار کر لیا۔ راہل گاندھی کی گرفتاری کے بعد کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ کیا اور پولیس پر سخت اعتراض کیا۔ ہاتھرس کے لئے روانگی سے قبل راہل گاندھی اور ان کی بہن پرینیکا گاندھی نے یوپی حکومت پر قانون اور نظم و نسق کے حوالے سے سخت تنقید کی تھی۔

یاد رہے کہ اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ہاتھرس کی دلت لڑکی دو روز قبل دہلی کے ایک اسپتال میں جان کی بازی ہار گئی ہے۔

ٹیگس