Nov ۲۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • روس نینو کے سربراہ ویدم وچزروف نے کہا کہ ایران یورپ کی پابندیوں کی بدولت آج اسلامی دنیا کا ترقی یافتہ ترین ملک ہے۔
    روس نینو کے سربراہ ویدم وچزروف نے کہا کہ ایران یورپ کی پابندیوں کی بدولت آج اسلامی دنیا کا ترقی یافتہ ترین ملک ہے۔

رشین کارپوریشن آف نینو ٹیکنالوجیز "روس نینو" کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران اسلامی دنیا کا ترقی یافتہ ترین ملک ہے اور اس نے ترقی یافتہ صنعتوں تک تن تنہا رسائی حاصل کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رشین کارپوریشن آف نینو ٹیکنالوجیز "روس نینو" کے سربراہ ویدم وچزروف نے پراوڈا (Pravda) ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران یورپ کی پابندیوں کی بدولت آج اسلامی دنیا کا ترقی یافتہ ترین ملک ہے۔

ویدم وچزروف نے ہائی ٹیک (High-Tech) صنعتوں کے سلسلے میں روس اور ایران کے باہمی تعاون سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ بالکل یہی وہ شعبہ ہے جس میں تہران اور ماسکو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔

رشین کارپوریشن آف نینو ٹیکنالوجیز "روس نینو" کے سربراہ ویدم وچزروف نے مزید کہا کہ تیل کے سلسلے میں ایران اور روس ایک دوسرے کے حریف ہیں لیکن یہ بات دوسرے ممالک پر بھی صادق آتی ہے۔ ایران ایک پرکشش ملک ہے کیونکہ اس کے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی ہے۔ ایران اسلامی دنیا میں ایک ترقی یافتہ ملک ہے۔ ویدم وچزروف کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی ترقی یافتہ صنعتیں موجود ہیں لیکن ان ممالک نے یہ ٹیکنالوجیز دوسروں کی مدد سے حاصل کی ہیں جبکہ ایران نے سب کچھ تن تنہا حاصل کیا ہے۔

واضح رہے کہ روس نینو کمپنی کا ایک وفد کچھ عرصہ قبل ایران آیا تھا اور اس نے تہران میں منعقدہ نینو ٹیکنالوجی کی نمائش دیکھنے کے علاوہ متعلقہ ایرانی حکام سے ملاقاتیں اور مذاکرات بھی کئے تھے۔

ٹیگس